Saturday 28 July 2012

احترامِ رمضان المبارک

رمضان المبارک اللہ تبارک و تعالی کا مہینہ ہے اور اس کے بارے میں اللہ عزوجل کا فرمان ہے کہ اس ماہ کا اجر میں خود دوں گا اور جگہ جگہ اس ماہِ مبارک کی فضیلت و اہمیت بیان کی گئی ہے ۔ لیکن ہمارے کچھ دوست آج کل ایسے ایس ایم ایس کررہے ہیں جن میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کو مذاق بنایا جارہا ہے۔ جیسا کہ

روزے داروں حوصلہ رک
دیکھو روزے سے بیچارے کی کیسی شکل نکل آئی ہے
دیکھو سورج ڈوبا کہ نہیں ؟ لگتا ہے یہ مجھے لے کر ہی ڈوبے گا وغیرہ وغیرہ
دوستوں کے ان پیغامات و طرزِ عمل سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے نعوذ باللہ رمضان المبارک رحمت کا نہیں بلکہ زحمت کا مہینہ ہے۔ میں تمام دوستوں سے گزارش کروں گی کہ وہ پلیز رمضان المبارک کے تقدس کا کچھ تو خیال کریں اور یوں اس کا مذاق بنا کر اللہ پاک کی ناراضگی مول نہ لیں۔ پہلے ہم پہ کیا کم تکالیف و آزمائشیں ہیں جو یوں ہم اللہ پاک کے مہینہ ک مذاق اُڑا کر اور اس کی بے حرمتی کرکے اپنے لئے اللہ پاک کی ناراضگی مول لے رہے ہیں۔
اگر آپ لوگوں نے ایس ایم ایس فارورڈ کرنے ہی ہیں تو ایسے ایس ایم ایس کریں جن سے لوگ کچھ سیکھیں جیسے کوئی حدیثِ مبارکہ، کسی قرآنی آیت کا ترجمہ یا پھر کوئی اقوالِ زریں تاکہ پڑھنے والا اس سے کچھ نصیحت سیکھے اور آپ کو بھی اس کا اجر ملے۔ اور ویسے بھی اس طرح کے فضول ایس ایم ایس بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
اللہ پاک ہم سب کو نیک عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین۔